
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)انجمن تاجراں صدر بازارسیالکوٹ کینٹ کا اہم مذمتی اجلاس زیر صدارت سینئر تاجر رہنما میاں عثمان شہزاد منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صدر بازارکینٹ کے تاجروں مرزا ابرار بیگ،زاہد ندیم شمسی، میاں عمران انیس،ملک افتخار احمد، وحید احمد،وائس چےئرمین یونین کونسل امام صاحب حاجی عبد الجبار ، چودھری ذیشان ، شیخ عارف ، ملک شبیر سمیت تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی ۔ اجلاس میں تھانہ کینٹ سے چند فرلانگ کے فاصلہ پر واقع تاجر رہنما فیاض احمد کی جیولر شاپ پر ہونے والے دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کی بھرپور مذمت کی گئی اور پولیس کی جانب سے واردات ناکام بنانے کی وضاحت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ انجمن تاجراں صدر بازار سیالکوٹ کے سینئر رہنما میاں عثمان شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر بازار کینٹ میں جیولر کی دوکان میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ دن دیہاڑے لاکھوں روپے کی واردات اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی شناخت کے باوجود ڈاکوؤں کی عدم گرفتاری پر تشویش ہے ۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ۔ تاجر رہنماؤں نے خطاب کے دوران پولیس کی جانب سے ملزمان کی تاحال گرفتاری عمل میں نہ آنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ تاجروں نے پولیس کے اس بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے یہ کہا پولیس نے واردات ناکام بنا دی ہے حالانکہ تاجر فیاض احمد کی دوکان سے لاکھوں روپے کا سونا لوٹ کر ڈاکو با آسانی فرار ہوئے ۔ تاجر برادری نے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی ، ڈی پی او سیالکوٹ عبد الغفارقیصرانی و دیگر تحقیقاتی اداروں سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا عارف اقبال ہرناہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن سے پاک ترقیاتی منصوبے شروع کر کے مکمل کئے او ر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی بجائے میرٹ کو پالیسی بنایا ۔ میاں محمد شہباز شریف نے بطورخادم اعلیٰ پنجاب ترقیاتی کاموں میں میرٹ کی پالیسی اپنا کر قومی خزانے کا تحفظ یقینی بنایا ہے ۔ میاں محمد شہباز شریف سمیت شریف خاندان کے خلاف انتقامی کارروائی پر حکومت حکمت عملی پر افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن کے خلاف صرف باتیں کر رہی ہے جبکہ مسلم لیگ(ن) نے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے ۔ترقیاتی کاموں میں کرپشن ثابت نہیں ہوئی صرف مفروضوں پر میاں برادران کے خلاف کارروائیاں انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر سراپا احتجاج ہے اور اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر حکومت کی خاموشی ملی بھگت کو ظاہر کر رہی ہے ۔ حکومت انتقامی سیاست کو ترک کر کے عوام کی خدمت پر توجہ دے ۔ عوام کو مسائل کی دلدل میں پھنسایا جا رہاہے ۔ ڈالر کی قدر و قیمت میں خوفناک اضافہ تشویشناک صورتحال اختیار کر ے گا۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)شہریوں کو سہولتیں باہم پہنچانے ، اداروں اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ترقی میں محکمہ ڈاک کا اہم کردار ہے ۔ پوسٹ مین محکمہ ڈاک میں ریڑھ کی ہڈی کا مقام رکھتا ہے ۔ محکمہ ڈاک کے عالمی دن پر ڈویژنل سپرٹینڈنٹ مریم خان یوسفزئی نے9اکتوبر ڈاک کے عالمی دن کے حوالے سے سیالکوٹ جنرل پوسٹ آفس میں ہونے والے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ڈاک کی ترسیل کے لئے 1874ء میں یونیورسل پوسٹل یونین کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے تحت دنیا بھر میں ڈاک کی ترسیل ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں ڈاک کے5لاکھ سے زائد دفاتر قائم ہیں ۔ سال2018میں 3سو بلین خطوط اور 5بلین پارسل اور کروڑوں روپے مالیت کا لین دین کیا گیا اور شہریوں کی سہولت کے لئے رقوم کی تیز ترین ترسیل الیکٹرانک منی آرڈر ، ارجنٹ میل سروس کو متعارف کروایا گیا اور ڈے اینڈ نائٹ ماڈل ڈاکخانے بنائے گئے ہیں ا ور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر متعدد اقدامات کئے گئے ۔ عالمگیر مائیر صدر پوسٹل کمیٹی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خطاب کے دوران محکمہ ڈاک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ ڈاک میں پوسٹ مین کا اہم کردار ہے جو سخت گرمی و سردی کی پرواہ کئے بغیر اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے سرانجام دے رہا ہے ۔ تقریب میں محکمہ ڈاک کے اعلیٰ آفسران میڈم ہما کنول ڈپٹی کنٹرولر انٹرنیشنل میل آفس سیالکوٹ ، اکاؤنٹ آفیسر محمد نواز ، محمد اعظم ، رضوان اللہ قمر سینئر پوسٹ ماسٹر ، یونین نوپ سی بی اے کے سینئر عہدیداران سید ساجد حسین گیلانی ، صوفی شاہد سلیم و دیگر سٹاف نے شرکت کی ۔ میڈیم نائلہ ریاض نے ڈائریکٹر ورلڈ پوسٹل یونین کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ تقریب میں نجی سکولز و کالجز کے طلبہ و طالبات نے خصوصی شرکت کی اور انہیں محکمہ ڈاک کی افادیت کے بارے آگاہ کیا ۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)معروف صنعتکار عبدالقیوم اور عبد المقصود نے اپنے مشترکہ بیان میں ڈالر کی قدر میں نمایاں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ڈالر انٹر بینک میں138روپے جبکہ مارکیٹ میں128روپے میں فروخت ہوتا ہے ۔ ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے سے معیشت کی اندرونی حالت کا علم ہو چکا ہے ۔ ڈالر کی قدر پر قابو نہ پانے سے مہنگائی کا سونامی آچکا ہے اور مہنگائی سے پہلے ہی عوام کا جینا دو بھر ہو چکا ہے ۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ انتہائی پریشان ہیں اور حکومت کو اس سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پر قابو پانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں یکمشت تشویشناک اضافہ سے مہنگائی کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گا ۔ معیشت کی بہتری کے لئے بروقت اقدامات نہ اٹھانے سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو ا ہے ۔ حکومت کو بروقت پاکستانی کرنسی کی قدر میں استحکام کے لئے اقدامات اٹھانا چاہیے تھے لیکن بروقت اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ کو روکنے کے لئے فوری پالیسی بنائی جائے اور ملک سے لوٹی گی رقوم کو فوری پاکستان منتقل کر کے معیشت کو سہارا دیا جائے ۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)شہبا ز شریف کی گرفتا ری نیب اور عدالتی معاملہ ہے تحریک انصاف کی حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ،ن لیگ پر کیسز ہماری حکومت آنے سے پہلے کے ہیں تحریک انصاف اس تا ثر کی نفی کرتی ہے، سیاسی انتقا م لیے بغیر احتسا ب کا عمل متاثر نہیں ہو نے دیں گے ان خیالات کا اظہار پا کستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عثما ن ڈار نے اپنے بیا ن میں کیا انہو ں نے کہا مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے صرف کرپشن کر نے کے لئے ملک کے تما م ادارے تبا ہ کردیے اگر ادارے اپنا کا م سہی طریقہ سے کرتے تو دونو ں پارٹیو ں کی اعلی قیادت آج بھی جیل میں ہوتیں کرپٹ اداروں کی بدولت ملک کرپشن کی دلدل میں بری طرح پھنسا ہو ا ہے، ہمارے سابق حکمر انوں کے بچوں کے پا س کھربو ں روپو ں کی جائیدایں ہیں اور اگر ان سے سو ال کیا جائے اتنی دولت کہا ں سے آئی تو جمہو ریت کو خطر ہ لا حق ہو جاتا ہے انہو ں نے کہا کہ آج صرف ہما ری دو حکمر ان جماعتو ں کے سربراہان کی دولت کو ملک میں واپس لے آیا جائے تو پاکستان کا نہ صرف قرضہ اترجائے بلکہ ملکی معیشت ترقی یافتہ ممالک میں شا مل ہوئے جائے،اداروں کو مظبوط او ر خود مختار کر نا تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شا مل ہے جبکہ وزیر اعظم عمر ان خان نے کرپشن پر اپنا موقف قوم کے سا منے رکھ دیا ہے اس با ر چو روں کو کوئی این آراو نہیں ملے گا ملک کا پیسہ چو ری کر نے والے قو می مجر م ہیں انہیں سز ا ملنی چا ہیے۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)مےئر آف سیالکوٹ توحید اختر چوہدری نے میونسپل کارپوریشن ہذا کی سپورٹس کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ میٹنگ کے دوران اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ حسب سابق مےئر کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی مانند امسال بھی جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں مےئر کپ کے حوالے سے ٹورنامنٹ کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔توحید اختر چوہدری مےئر آف سیالکوٹ نے اس امر بارے جناح سٹیڈیم گراونڈ کی خستہ حالی بارے معاملہ کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے کے لئے پرزور مطالبہ کیا کہ جناح سٹیڈیم کی گراونڈ کو معیار کے مطابق تیار کروایا جائے اور بعد از تیاری متذکرہ گراونڈ کے انتظام و انصرام میونسپل کارپوریشن ہذا کے حوالہ کئے جائیں تا کہ سٹیڈیم میں معیاری میچز کے انعقاد کے لئے ڈویژنل کرکٹ بورڈ کے حکام سے رابطہ کر کے معیاری ٹورنامنٹ کا انعقاد زیر نگرانی تشکیل شدہ سپورٹس سب کمیٹی بشمولہ ممبران میاں عبدالشکور (ممبر ایوان مخصوص نشست)، مجاہد مقبول بٹ (چےئرمین)،سہیل احمد بٹ (چےئرمین)،محسن نعیم بھٹہ(ممبر ایوان مخصوص نشست) کروایا جا سکے تا کہ شہر اقبال کے لوگ اچھے کرکٹرز کے کھیل سے محظوظ ہو سکیں۔آخر میں مےئر آف سیالکوٹ نے اس معاملہ کا پھر اعادہ کیا کہ جناح سٹیڈیم کی تاریخی گروانڈکو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کروا کر اس کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری و نگرانی میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کو سونپی جائے تا کہ شہر اقبال میں زوال پذیر کرکٹ کو معیار کے مطابق استوار کر نے کا موقع میسر آ سکے اور کرکٹ کے مقامی شائقین کی بے چینی کا ازالہ کیا جا سکے۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)کنوینر سی ایس آر کمیٹی سیالکوٹ انٹر نیشنل ائر پورٹ غلام مصطفی چودھری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے لیے آسانیاں پیدا کرنے والے افراد نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی سرخرو ہو ں گے اور رہتی دنیا تک ان کا نام رہے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ کی طرف سے پاک میڈیکل سینٹر کو غریب اور مستحق مریضوں کے لیے دس لاکھ روپے کی امداد کا چیک ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بابا محمد اکبر کو پیش کرنے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین سیال انجنیئر خاور انور خواجہ، ڈائریکٹر سیال چودھری محمد اعجاز، میاں عتیق الرحمان ، چودھری محمد رضوان ، شفیق الرحمان ،عدیل بیگ اور منیجر تعلقات عامہ سیال عبدالشکور مرزا بھی موجود تھے۔ غلام مصطفی چودھری نے کہا کہ سیالکوٹ ایک ایسا خوش قسمت شہر ہے جس کی بزنس کمیونٹی اپنی مدد آپ کے جذبہ سے سرشار ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔انہوں نے پاک میڈیکل سینٹر نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے جو قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں ان کو جاری رکھنے میں سیال کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کی مزید یقین دہانی بھی کروائی۔بابا محمد اکبر نے سیالکوٹ انٹر نیشنل ائر پورٹ کی طرف سے مسلسل تعاون پر سیال انتظامیہ اور ڈائریکٹران کا شکریہ ادا کیااور سیال کی مزید ترقی کے دعا کی۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد امتیاز طاہر،چےئرمین چوہدری انعام اللہ،ضلعی صدر چودری محمد اکرم،سینئر نائب صدر جاوید اقبال کھوکھر،رانا محمد شفیق،عنصر فاروق بھٹی،صیم قریشی،رانا بشارت علی،نائب صدور ملک خورشید،امتیاز چیمہ،لیاقت گجر،محمد علی راجپوت،اختر میو،شبیر احمد مرزا،سید ندیم گیلانی،چوہدری محمد اصغر،چوہدری نعیم،عبدالعلیم،رفاقت باجوہ،سیٹھ حیبب اللہ،فاروق سلطان،حافظ اکرم،صلاح الدین،جاوید تحسین،ذوالفقار علی،راشد جاوید،محمد اظہر،فیصل کامران،رفیق چیچی،محمد طارق انجم،ملک ظہیر اعوان،ملک اعظم،مدثر احمد،شاہد چوہدری،ملک ظفر،محمد انور انجم،جلیل کھٹانہ،میاں نواز،محمد یونس مغل،شبیر احمد گھمن،جاوید کھوکھر،غلام عباس گھمن،جاوید خان،محمد جاوید گھمن،نصیر احمد،میاں شاہد،رانا محمد اشرف،محمد عارف،محمد خلیل ،چوہدری ارشاد احمد،عاشق حسین صدیقی،شاہد انور،صغیر احمد،ارسلان چوہدری و دیگر نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر نےئر لطیف سے ملاقات کی اور ان کو اس بارے آگاہ کیا کہ ماہ ستمبر کی تنخواہ میں اکثر اساتذہ کا کینونس الاونس شامل نہیں کیا گیا جس پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفسیر نے وفد کو بتایا کہ کمپیوٹر آپریٹر نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا کسی اور وجہ سے مس سٹک ہوئی ہے اس کے لیے چینج فارم کی ضرورت نہیں ہے جن ٹیچرز کا کینونس الآونس تنخواہ میں شامل نہیں ہوا وہ صرف اپنا پرسنل نمبر بتا کر اپنی سیلری کی درستگی کروا سکتے ہیں پنجاب ٹیچرز یونین کے وفد نے اساتذہ کے دوسرے مسائل بھی جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا.انھوں نے جی پی فنڈ،ان کیشمنٹ بل ودیگر مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)اے ڈی سی ریونیو محمد اصغر جوئیہ نے ایک محنتی ، فرض شناس اور ایماندار آفیسر ہیں سیالکوٹ میں بطور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تعیناتی کے دوران اپنی ذمہ داریاں بخوبی احسن انجام دی اور اب ان کی خدمات انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی سپرد کی گئیں ہیں امید کی جاسکتی ہے کہ اپنی نئی ذمہ داریوں سے عہدہ براہ ہونے کیلئے اپنے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد طاہر وٹونے محمد اصغر جوئیہ کی اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی ، اے ڈی سی جنرل منور حسین ، اے سی سیالکوٹ سعید احمد منج، اے سی ڈسکہ راؤ سہیل، اے سی پسرور خالد محمود، ایس پی محمد عون ، ڈی ای او ایمرجینسی سید کمال عابد اور ایم ڈی ایس ڈبلیو ایم سی شیراز نواز وڑائچ بھی موجود تھے ۔محمد اصغر علی جوئیہ نے کہاکہ سیالکوٹ میں تعیناتی کے دوران ان کا متمع نظر عوام کے مسائل کا حل رہا ۔ انہوں نے کہاکہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر ملازمت کا حصہ ہیں شہر اقبال میں خدمات کی انجام دہی میرے لئے اعزاز ہے ۔ جسے میں کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ آخر میں ڈی سی محمد طاہر وٹو ، ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی اور اے ڈی سی جنرل منور حسین نے اصغر علی جوئیہ کو سووینئر پیش کئے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر تحصیل سیالکوٹ عبدالمجید بٹ آف ہرڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں محمدشہبازشریف کی گرفتاری انتقامی کارروائی اورمفروضے پرمبنی ہے۔میاں محمدنوازشریف کے خلاف شواہد نہ ملنے کے بعداب میاں محمدشہبازشریف کے خلاف سازش شروع کردی گئی ہے۔میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری ناقابل برداشت ہے تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں شکست سے بچنے کے لئے اس قسم کے حربے استعمال کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے میاں محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر پرُ زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت میاں محمدنواز شریف کو گرفتار کرکے عام انتخابات چھینے والا ’’ خفیہ ہاتھ ‘‘ میاں محمد شہباز شریف کو گرفتار کرکے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) سے ضمنی انتخابات چھینا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری افسوسناک اور مضحکہ خیز ہے بطور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے دیانت کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں آج مخالف جو کر رہے ہیں کل اس کے لئے تیار رہیں ۔ سب جانتے ہیں کہ اس بدترین انتقام کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)پولیس تھانہ نیکا پورہ نے پتنگ فروش پکڑ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ حمزہ غوث میں وسیم نامی نوجوان پابندی کے باوجود پتنگیں اڑا رہا تھا کہ پولیس نے اس کو پکڑ کرپتنگ اور ڈور برآمد کر لی اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)جعلی نمبر پلیٹ لگا کر موٹر سائیکل چلانے والا شخص گرفتار ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی ڈسکہ کے علاقہ لاری اڈہ سے پولیس نے موٹر سائیکلوں پر جعلی نمبر پلیٹ لگاکر گھومنے والے کامران اور ذیشان کو گرفتار کرکے دونوں افراد کی موٹر سائیکلیں قبضہ میں لے لی اور مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں سے موٹر سائیکل اور نقدی لوٹ لی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ہیڈمرالہ کے علاقہ چکرالہ میں فہد کی موٹر سائیکل نمبری STN-2800نامعلوم چور حجام کی دوکان کے باہر سے چوری کرکے لے گئے اورتھانہ کینٹ کے علاقہ سد ھ میں2مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زو پر اشیاء سپلائی کرنے والی گاڑی کو اسلحہ کے زور پر روک سیلز مین اورنگ زیب سے2لاکھ25ہزار روپے کی نقدی لوٹ لی۔ پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دئیے ہیں۔



October 09, 2018
City52News
Posted in:
0 comments:
Post a Comment